راولپنڈی: پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں اتوار کو لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا، جس میں مختلف شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
عید کے روز کوئٹہ پریس کلب کے باہر دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، جس میں یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ اسی طرح راولپنڈی پریس کلب کے باہر بھی پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے تحت ایک بڑا مظاہرہ ہوگا جس میں پاک فوج سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے رہنما عزیز احمد اعوان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی ناقابلِ قبول ہے اور معصوم شہریوں کا قتل عام افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست کو دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی اور ان کا قلع قمع کیا جانا چاہیے۔
عزیز احمد اعوان نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں، پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے احتجاج کی کالیں آتی ہیں لیکن دہشتگردی کی مذمت نہیں کی جاتی، جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسی جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے جو ملکی سالمیت کے خلاف کام کر رہی ہیں۔ ٹرین پر حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، مگر اس پر کوئی مذمت سامنے نہیں آ رہی جو افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کے قرآن سے متعلق علم و فہم پر پختونخوا کے علما کی تعریف
پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل کموڈور ارشد محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوجی جوان اپنے خون سے ملک میں امن کی شمعیں روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں نہتے شہریوں پر حملے کھلی دہشتگردی ہیں اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
ارشد محمود خان نے مغربی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردوں کو ایکٹوسٹ کہہ کر انہیں بچانے کی کوشش کر رہا ہے جو ناقابلِ قبول ہے۔
احتجاج کے دوران شہداء کے لیے شمعیں روشن کی جائیں گی اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے اور فوری اقدامات اٹھائے۔
ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔