حزب اختلاف کی عدم شرکت قومی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی عدم شرکت قومی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی عدم شرکت قومی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔

وزیر اعظم نے اہم اجلاس میں حزب اختلاف کی عدم شرکت کو افسوسناک اور غیر سنجیدہ طرز عمل قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ اور جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کے اہلخانہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ بے نظیر بھٹو، بلور خاندان اور مفتی نعیمی سمیت اہم شخصیات نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد نواز شریف نے پوری قوم کو متحد کیا۔ اور پوری قوم نے مل کر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا تھا۔ افواج پاکستان سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کی داستان رقم کی۔

یہ بھی پڑھیں: خان کیلئے کوئی مخلص نہیں ، باجوہ نے مارشل لا کی تیاری کرلی تھی ، فیصل واوڈا

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی معیشت کو 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ تاہم قربانیوں کی بدولت امن بحال ہوا، معیشت سنبھلی اور ملک کی رونقیں بحال ہوئیں۔ 2018 کی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ سے حاصل ثمرات کو ضائع کر دیا۔ اور اسی نااہل حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد روک دیا تھا۔ پوری قوم جو آج خمیازہ بھگت رہی ہے وہ اسی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ اور دہشتگردی کو پھر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہم سب کو آہنی عزم کا اعادہ کرنا ہو گا۔ دہشتگردوں کا اصل نشانہ عوام کا اتحاد ہے۔

Scroll to Top