وزیراعظم شہباز شریف آج سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہونگے

وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف آج سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری لانا، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا ہے۔ اس دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی تعلقات کو مضبوط اور وسیع کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے امور اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں ہولی کے تہوارپروزیراعظم شہبازشریف کا اہم پیغام

دورے کے دوران اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات پر غور کیا جا سکے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top