خیبر: طورخم بارڈر کو 25 روز بند رہنے کے بعد آج مال برداری گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ بارڈر کھلنے کے بعد پہلی مل بردار گاڑی افغانستان روانہ کردی ہے۔ جبکہ پیدل آمد و رفت کے لئے بارڈر 21 مارچ کو کھولا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان طورخم کے زیرو پروائنٹ کے مقام پر ہونے والے اجلاس میں طور خم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد بارڈر کو باقاعدہ طور پر تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
اجلاس میں انسانی ہمدری کی بنیاد پر دونوں اطراف سے مریضوں کو بھی آمدورفت کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امیگریشن عملہ موجود جبکہ اسکینر خرابی کے باعث مسافروں کی آمدورفت معطل رہے گی۔ اسکینر پر مرمتی کام ہوگا ٹیکنیکل خرابی دور ہونے کے بعد مسافروں کو جمعہ کے دن اجازت دی جائے گی
قبل ازیں افغانستان کے جرگہ ممبران نے افغان حکام سے ملاقات کرکے انہیں جرگے کے فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست کی تھی۔
یاد رہے کہ پاک افغان بارڈر کو افغان فورسز کی جانب سے بارڈر کے قریب متنازعہ تعمیرات کے باعث 21 فروری کو بند کیا گیا تھا جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں معطل ہوچکی تھیں۔