پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے “اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ فریم ورک” کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس منصوبے کی توثیق کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنیوں اور ٹی ایم ایز کی سرگرمیوں کو ڈیجیٹل ٹریکنگ کے ذریعے مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس فریم ورک کے تحت، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور تلف کرنے کا نظام مزید بہتر بنایا جائے گا، جس سے شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آئے گا۔
اس منصوبے کا ایک اہم جز “پاک صاف ایپ” ہوگی، جو صوبے بھر میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے عمل کی ریئل ٹائم نگرانی کرے گی۔ اس ایپ کے ذریعے افرادی قوت کی جوابدہی، گاڑیوں کی مؤثر نگرانی، اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی ممکن ہو سکے گی۔ شہری علاقوں میں صفائی کے لیے مقررہ مقامات پر کچرا جمع کرنے کے پوائنٹس متعین کیے جائیں گے، جن کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی۔ دیہی علاقوں میں گاؤں کی سطح پر کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے نظام، موبائل ویسٹ یونٹس، اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا زیرتعلیم افغان طلبہ کا ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ
اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ فریم ورک کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں صوبے میں کوڑا کرکٹ پیدا ہونے کی مقدار کا تجزیہ اور موجودہ انفراسٹرکچر کی نقشہ بندی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں “پاک صاف ایپ” کی تیاری مکمل کرکے منتخب علاقوں میں پائلٹ پروجیکٹس کا آغاز کیا جائے گا۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں ٹریکنگ سسٹم کو صوبے بھر میں لاگو کیا جائے گا۔
اس فریم ورک کے تحت شکایات کے فوری ازالے کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، جبکہ کارکردگی کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل پلان بمعہ ٹائم لائنز جلد از جلد پیش کیا جائے۔