پاکستان میں مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی جبری بے دخلی سے متعلق بڑی پیشرفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو مہاجرین کی جبری بے دخلی سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے افغان مہاجرین جلال الدین اور دیگر کی درخواست نمٹاتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور پولیس کو رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو ہراساں کرنے سے بھی روک دیا۔
تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ درخواستگزار کے مطابق حکومت پاکستان نے خود بطور مہاجر رجسٹر کیا، جولائی 2024 میں وفاقی کابینہ نے پی او آر کارڈ کی مدت میں 30 جون 2025 تک توسیع کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں زیرتعلیم افغان طلبہ کے کوائف کی چھان بین شروع، اعلامیہ جاری
درخواستگزار نے کارڈ ایکسپائر ہونے تک ہراساں کرنے اور زبردستی نکالنے سے روکنے کی استدعا کی ہے ، نوٹی فکیشن کے مطابق رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت 30 جون 2025 تک ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔