مردان: رمضان پیکج میں غیرقانونی کٹوتی کرنے پر 8 افراد گرفتار

مردان میں رمضان ریلیف پیکج کے مستحقین سے رقم کی کٹوتی کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی گڑھی کپورہ، رستم اور تحت بھائی میں کی گئی۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مستحقین سے 400، 500 اور بعض جگہوں پر 1000 سے 2000 روپے تک کٹوتی کی جا رہی تھی۔ تمام گرفتار ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب بنوں انتظامیہ نے رمضان کی مالی امداد سے مستفید ہونے والوں سے غیر قانونی کٹوتی کرنے پر متعدد دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔

 بنوں کے اسسٹنٹ کمشنر اللہ نواز خان نے متعدد دکانداروں کو گرفتار کیا ہے جو مستحقین کی رمضان مالی امداد سے غیر قانونی طور پر کٹوتیاں کررہے تھے۔

 بنوں انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دکانداروں کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت دی جانے والی مالی امداد کے 10 ہزار روپے میں سے غیر قانونی کٹوتی کی شکایات موصول ہونے کے بعد انہوں نے سخت کارروائی کرتے ہوئے غبن میں ملوث دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: مردان: سابق ناظم ایوب خان فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق مذکورہ رقم سے دکاندار کو ایک روپیہ بھی کاٹنے کی اجازت نہیں ہے۔ دکاندار کو ہر مستفید کو رقم کی ادائیگی پر 65 روپے ایڈوانس ادا کیے جا رہے ہیں، پھر بھی اضافی کٹوتی کرنا فائدہ اٹھانے والوں کو لوٹنے کے مترادف ہے۔ اگر کوئی دکاندار پیسے کاٹتا ہے تو فوری طور پر اس کی اطلاع دیں تاکہ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

Scroll to Top