ڈیرہ اسماعیل خان: 6 سالہ بچے کے قتل میں ماں اور سوتیلا باپ گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 سالہ معصوم بچے کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث سوتیلا باپ اور والدہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی ایس پی حافظ عدنان کے مطابق بچے کو مبینہ طور پر سوتیلے والد نے قتل کیا، جبکہ والدہ بھی جرم میں شریک تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈی ایس پی کے مطابق بچے کی والدہ قتل کے بعد ملتان فرار ہونے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم اسے لاری اڈے سے گرفتار کر لیا گیا۔

 دورانِ تفتیش خاتون نے اعتراف کیا کہ اس کی اپنے سابق شوہر سے علیحدگی ہو چکی تھی اور یہ قتل سابق شوہر کو پھنسانے کے لیے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں بچی کا ’ونی‘ معاملہ ، وزیراعلیٰ کا نوٹس، گرفتاریاں جاری

واضح رہے کہ گزشتہ روز سحری کے وقت جامعہ عید گاہ کی جنازہ گاہ سے 6 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، زیادتی کی گئی اور پھر سانس گھٹنے سے موت واقع ہوئی۔ پولیس کی ٹیم ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کی سربراہی میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Scroll to Top