سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

سب سے زیادہ سونا امریکا کے پاس، پاکستان کا 49 واں نمبر، فہرست جاری

دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے۔ عالمی سطح پر بھارت آٹھویں نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سے سر فہرست ہیں، جبکہ ایشیا میں چین اور بھارت سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھتے ہیں۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024ء میں مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک سونے کے بڑے ذخیرہ کار ہیں اور وہ تاریخ میں کان کُنی کے ذریعے نکالے گئے مجموعی سونے کا تقریباً پانچواں حصہ رکھتے ہیں۔

اس دوران سونے کی قیمت بھی جمعرات کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس سے سونے کے ذخائر اور خریداری کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سونا مزید سستا ہو گیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان عالمی اقتصادی حالات اور مالیاتی مارکیٹوں میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سونے کا عالمی ذخیرہ اور اس کی خریداری اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ مرکزی بینک اپنے مالی ذخائر کی حفاظت کے لیے سونے کی خریداری میں اضافہ کر رہے ہیں، اور یہ رجحان مستقبل میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top