پی ایس ایل 10 کی ٹرافی پشاور پہنچ گئی،مختلف مقامات پر رونمائی تقریب کا انعقاد ، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی سمیت طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10ویں ایڈیشن کی ٹرافی پشاور پہنچ گئی جہاں مختلف مقامات پر اس کی رونمائی تقریبات منعقد ہوئیں۔پشاور یونیورسٹی میں ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی سمیت طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ٹرافی کی پشاور میں رونمائی خوش آئند ہے اور اس سے صوبے کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی نے کہا کہ ٹرافی کی پشاور میں رونمائی اور نمائشی میچ کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
ڈی ایچ اے پشاور میں بھی پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جبکہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔ اس موقع پر پشاور میں ایک نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا، جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔