یوم پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

یوم پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں یوم پاکستان پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، چیلنجز پر قابو پانے اور مزید مضبوط بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے حصول کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانا چاہیے، قومی سلامتی مستحکم کرنے، معیشت بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، تحفظ توانائی یقینی بنانے اور نوجوان نسل کیلئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔

صدر زرداری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہم اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے بھی ثابت قدم رہیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کا تاریخی سنگ میل ہے، یوم پاکستان ہمیں قربانی، استقامت اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے اس عزم کہا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں پر لے جانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا عاطف اسلم کی آواز میں نیا نغمہ

وزیراعطم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پچھلے ایک سال میں معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافہ، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی اقتصادی بہتری کے معترف ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ درست پالیسیوں اور قومی اتحاد سے پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک لے جائیں گے، کوئی چیلنج ناقابل تسخیر نہیں، عزم اور محنت سے ہر مشکل پر قابو پائیں گے۔

Scroll to Top