گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں یوم پاکستان 23 مارچ پر پر وقار تقریب میں صوبے کی7 شخصیات کو متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازت سے نوازا۔
گورنرہاؤس پشاورمیں یوم پاکستان کے موقع پرتقسیم اعزازات کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئر وائس مارشل تیمور اقبال،سیکریٹری محکمہ انتظامیہ شاہد سہیل سمیت اعزازات وصول کرنیوالوں کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی 4 شخصیات کو تمغہ شجاعت اور 3 شخصیات کو تمغہ امتیاز کے صدارتی سول ایوارڈ سے نوازا۔ سعید خان (مرحوم) کو بہادری کے اعتراف میں بعد از وفات تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔
ملک محمود جان ( شہید) اور سمیع اللہ خان (شہید) کو انکی بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت صدارتی اعزاز تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کرین کنڈی نے ڈاکٹر عاکف اللہ خان کو شعبہ طب میں گرانقدر خدمات پر صدارتی سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا۔
یہ بھی پڑھیں: عسکری قیادت کا 85ویں یوم پاکستان پر خصوصی پیغام
ارشد عزیز ملک کو شعبہ صحافت میں گران قدر خدمات پر صدارتی سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ بختیار احمد خٹک نے شعبہ گلوکاری میں گران قدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی سول ایوارڈ تمغہ امتیاز وصول کیا ۔