گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاک افغان جرگہ کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات ہوئی ہے، جرگہ اراکین نے طورخم بارڈر کھولنے کے لئے سنجیدہ اور بروقت کوششوں پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔
وفد کی قیادت کرنے والے خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سربراہ سید جواد حسین کاظمی نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرگہ اراکین اور تمام کاروباری برادری بروقت نتیجہ خیز کوششوں پر گورنر خیبرپختونخوا کے مشکور ہیں۔
ملاقات کے دوران جرگہ اراکین نے کہا کہ پاک افغان طورخم بارڈر کی بندش سے کاروباری اور صنعتی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی مسائل کا سامنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 روز بارڈر بند رہنے سے پاک افغان دونوں اطراف 6 ہزار مال بردار گاڑیاں کھڑی ہونے کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات میں جرگہ اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے پیش نظر طورخم بارڈر کا کھولنا انتہائی ضروری تھا، کامیابی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ طورخم بارڈر سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں خیبر چیمبر کا کردار قابل تحسین ہے، خیبر چیمبر سمیت صوبہ بھر کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تعاون و کوششیں جاری رکھوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا
جرگہ اراکین میں ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندے شامل تھے۔
دیگر اراکین میں صدر خیبر چیمبر حاجی محمد یوسف آفریدی، صدر وزیرستان چیمبر حاجی قدیر اللہ وزیر، صدر کرم چیمبر سید حماد کاظمی، حاجی اقبال خان، حاجی عبدالطیف مہمند، شکیل وحید اللہ خان، محمد ہارون صابر، کامران رضا، سید علی فیصل کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے۔