سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کی کوشش ناکام بنا دی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں تمام 16 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خوارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، سیکیورٹی فورسز اور خوارجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 16 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اورخوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔