پشاور کے علاقے زرگر آباد میں گزشتہ روز مسلح افراد نے کھلے عام فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس سےعوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے انسپکٹر جنرل پولیس کو فوری طور پر فائرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور امن عامہ کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں باجوڑ میں پولیس پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا
انہوں نے اس کھلے عام فائرنگ کے واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا واقعہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنتا ہے اور اس کی روک تھام کی جانی چاہیے۔
علی امین گنڈاپور نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کے واقعات کی مؤثر تدارک کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں تاکہ شہریوں کے امن و سکون کو محفوظ رکھا جا سکے۔