خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری جامعات کیلئے 10 سالہ اصلاحاتی پلان سامنے آگیا ، جو جامعات کے مالی بحران پر قابو پاکر انہیں خود کفیل بنانے کیلئے روڈ میپ فراہم کرے گا، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو مراسلہ ارسال کردیا۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کو مراسلہ ارسال کردیا ، مراسلے کے مطابق 21دنوں کے اندر مجوزہ 10سالہ اسٹریٹجی کا جامع مسودہ تیار کیاجائے جس کے بعد مسودے کو باضابطہ سرکاری دستاویز کی حیثیت دینے کیلئے صوبائی کابینہ کو پیش کیاجائیگا۔
اسٹریٹجی پلان شعبہ اعلیٰ تعلیم کے ٹرانسفارمیشن پلان کے طورپر کام کرے گا، جس کا مقصد جامعات کو تعلیمی انتظامی اور تحقیقی لحاظ سے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ، جامعات کو مالی بحرانوں سے نکال کر انہیں خود کفیل اور خود انحصار بنانے کیلئے روڈ میپ فراہم کرے گا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اسٹریٹجی کی تیاری میں گذشتہ سالوں کے دوران جامعات میں اصلاحات کیلئے مختلف سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں کی رپورٹس اور سفارشات کاجائزہ لیاجائے ۔