قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر کی سربراہی میں ہوا، جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔
جنید اکبر نے انکشاف کیا کہ طلبہ کو نمبرز کے لیے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا، کل میٹنگ کے بعد مجھے ایک پروفیسر کی چیٹ دکھائی گئی، اس کا کوئی نظم ہونا چاہیے کہ جو پرچہ بناتا ہے، نمبر بھی وہی دیتا ہے، جو بلیک میلنگ کا باعث بنتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں سے اس حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں، لہذا پیپرز کی مارکنگ کوئی اور کرے تاکہ یہ سلسلہ روکا جا سکے۔
ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں وائس چانسلرز کمیٹی میٹنگ ہوئی، جس میں سمسٹر سسٹم کے امتحانات اور نمبروں کے معاملے پر غور کیا گیا، اور جو بھی پیش رفت ہوگی، کمیٹی کو رپورٹ دی جائے گی۔
اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی میں بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تین عمارتوں کی تعمیر کا بھی انکشاف ہوا۔ آڈٹ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکیڈمک بلاک اور گرلز ہاسٹل کی تین عمارتیں سی ڈی اے کے بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر تعمیر کی گئیں۔