متحدہ عرب امارات میں آرٹ کی منفرد نمائش، پاکستانی فنون کا جلوہ

متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں یوم پاکستان کے سلسلے میں ایک منفرد آرٹ نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے تخلیق کاروں نے پاکستان کے ثقافتی اور قدرتی مناظرات پر مبنی فن پارے پیش کیے۔

اس نمائش کا مقصد پاکستانی ثقافت، تاریخ اور قدرتی خوبصورتی کو عرب دنیا کے آرٹسٹوں کے ذریعے دنیا کے سامنے لانا تھا۔

نمائش کا اہتمام پاکستانی کیورٹر صائمہ فرقان اور منتظم افتخار ہمدانی نے کیا۔ ان دونوں نے عرب دنیا کے آرٹسٹوں کو پاکستان کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے کی دعوت دی، تاکہ وہ اپنے پینٹنگز کے ذریعے پاکستان کی خوبصورتی اور تاریخ کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان آرٹسٹوں کو پاکستان کی عکاسی کرنے کی دعوت دی جو کبھی پاکستان نہیں گئے، مگر آج وہ پاکستان کے بارے میں جان چکے ہیں اور وہ اب پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

نمائش میں مختلف عرب ممالک جیسے لبنان، شام، مصر اور دیگر ممالک کے آرٹسٹوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے پاکستان کے حسین مناظر، پہاڑوں، دریاوں اور تاریخی مقامات کی منظر کشی کی۔ ان تخلیق کاروں نے تحقیق کرکے پاکستان کے قدرتی منظر، ثقافت اور معاشرتی رنگوں کو کینوس پر نہایت خوبصورتی سے پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں متحدہ عرب امارات کا امریکہ میں 1400 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

عرب آرٹسٹ کا کہنا تھا پاکستان کا خطہ کرہ ارض پر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے، جس کی ہر منظر کشی اپنی جگہ منفرد ہے۔ پاکستان کی قدرتی خوبصورتی کو بیان کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔

اس منفرد آرٹ نمائش میں مقامی اور غیر مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستانی ثقافت کے حسین رنگوں کو سراہا۔ نمائش نے ایک طرف جہاں پاکستان کی ثقافتی و قدرتی ورثہ کو اجاگر کیا، وہیں دوسری طرف عرب دنیا کے آرٹسٹوں کو پاکستان کے بارے میں مزید جاننے اور سمجھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔

Scroll to Top