پی ٹی آئی رہنما اور پی اے سی کے سربراہ جنید اکبر خان نے کہا کہ عدالتوں سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے ،ہمارے پاس احتجاج کا آپشن رہ گیا ہے اور اس کی ہماری تیاری پوری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور پی اے سی کے سربراہ جنید اکبر خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس آپشن یہ بھی ہے کہ ہم اڈیالہ جیل کے سامنے کیمپ لگائیں ، خیبر پختونخوا سے جو مختلف شاہراہیں آرہی ہیں ان کو بند کردیں ، اسلام آباد جانے اور وہاں پرامن احتجاج بھی آپشن ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اکتوبر اور نومبر میں جب نکلے تو ہم سے غلطیاں ہوئیں ، ہماری کوشش ہوگی کہ ان غلطیوں کو دوبارہ نہ دہرائیں ،ہماری کوشش ہوگی نئی حکمت عملی پچھلی والی سے اچھی ہو ، ہم صبر کررہے ہیں ہماری پارٹی صبر کررہی ہے اور اس کا ثمر ہمدردیوں اور پارٹی گراف کی شکل میں مل رہاہے۔
انہوں نے کہاکہ مجھے حالات لگ رہے ہیں کہ فضل الرحمان ہمارے ساتھ احتجاج میں جائیں گے اگر نہیں جاتے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے ، لیکن خواہش ہماری ہے کہ مولانا ہمارے ساتھ ہوں ،پارٹی کی بات ہوتی ہےتو اس معاملے پر علی امین گنڈاپور بھی مانیں گے ہم بھی مانیں گے
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا ورکر ہم سے مایوس ہے اور اگر ورکر ہمارے بغیر نکل آیا تو ریاست کو مذمت کرنے کا وقت بھی نہیں ملے گا، ہم پر ورکرز کا بہت زیادہ پریشر ہے ۔پارلیمنٹ اسٹبلشمنٹ کے سہارے پر ہے ، جس دن سہارے اُٹھ گئے یہ ختم ہوجائے گی ۔