بلیو وینز (Blue Veins) کے چیئرمین مسٹر قمر نسیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن اور ویمن ایمپاورمنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواجہ سرا کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات کے دوران قمر نسیم نے خیبر پختونخوا حکومت اور محکمہ سماجی بہبود کے خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات کی بہتر تشہیر اور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے خواجہ سرا افراد کے حوالے سے جاری کیے گئے فیصلوں اور نوٹیفیکیشنز پر مکمل عملدرآمد کیا جانا چاہیے تاکہ ان کے ثمرات براہ راست کمیونٹی تک پہنچ سکیں۔
ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق خان مہمند نے خواجہ سرا کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا افراد کی فلاح و بہبود محکمہ سماجی بہبود کا بنیادی مقصد ہے اور ایسے پروگرام نہ صرف ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے بلکہ ان کی معاشرتی اور اقتصادی شمولیت کو بھی مضبوط کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا خواجہ سرا برادری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں اور اس سلسلے میں نئے منصوبے بھی جلد متعارف کرائے جائیں گے۔
اس ملاقات میں محترمہ سلمیٰ ملک جو کہ خواجہ سرا امور کی فوکل پرسن ہیں، کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ جاری منصوبوں کی نگرانی کریں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور کمیونٹی نمائندگان سے مشاورت کر کے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ خواجہ سرا افراد کو صحت، تعلیم، روزگار اور قانونی معاونت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں صوبائی کابینہ کا اجلاس: رمضان و عید پیکیج سمیت اہم منصوبوں کی منظوری
عید کے فوراً بعد صوبائی سطح پر ایک کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈر محکمے، ڈونرز اور وہ سماجی تنظیمیں شرکت کریں گی جو خواجہ سرا کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔
اس کانفرنس کا مقصد خواجہ سرا برادری کی بہتری کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنا، ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنا اور ان کے لیے نئے فلاحی منصوبے متعارف کرانا ہے۔