پنجاب کے شہر فیصل آباد میں لوٹ مار کے بعد خاتون سے ڈاکوؤں کی اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی عابد ظفر نے ملزم علی شیر کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا جبکہ پولیس نے باقی ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
ایس پی عابد ظفر نے کیس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے دیگر دو ساتھیوں عمر حیات اور فیصل کے ساتھ ہونے کا انکشاف کیا۔
ایس پی عابد ظفر کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے میں ملوث 24 گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کیا، مقدمہ میں نامزد دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں، خاتون کے چہرے کو چادر سے ڈھانپ دیا تھا اس لئے ملزمان کو پہچان نہیں سکی۔
ایس پی عابد ظفر کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروایا دیا گیا،میرٹ پر تفتیش جاری ہے، خاتون کے کپڑوں پر داغ اور شواہد ملے ہیں تاہم ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ: کمسن بچی سے زیادتی اور قتل کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار
گزشتہ روز فیصل آباد میں تین ڈاکوؤں نے چنن کے گاؤں میں مریم آباد بستی کے قریب میاں بیوی کو روکا تھا، لوٹ مار کے بعد خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا
گزشتہ روز فیصل آباد میں موٹروے کے قریب سڑک پر اجتماعی زیادتی کی گھناؤنی واردات سامنے آئی، تین ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو روک کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔