پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے اساتذہ اور ڈاکٹروں کی ترقی کو ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو ہدایت دی گئی کہ صرف وہی افراد ترقی کے اہل ہوں گے جو مقررہ کارکردگی کے معیار پر پورا اتریں گے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اساتذہ اور ڈاکٹروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے آئی ایم یو رپورٹس کو کلیدی معیار کے طور پر شامل کیا جائے، جبکہ دیگر لازمی کارکردگی کے اشاریوں کا بھی مکمل جائزہ لے کر ان کی تصدیق کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ترقی کے معاملات کو کسی بھی بے ضابطگی سے پاک رکھنا اور میرٹ پر مبنی نظام کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام کو صحت اور تعلیم کے شعبے میں معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے کارکردگی پر مبنی ترقی کا کلچر فروغ دیا جائے گا۔





