وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے ریڈ کارپٹ بچھا کر دہشت گردوں کو آباد کیا اور ان کے خلاف جنگ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کی کمزوری کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے، اور اس کے باوجود پی ٹی آئی دہشت گردوں کے خلاف بیان دینے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا جنگ ان لوگوں سے ہے جن سے مساجد اور نمازی بھی محفوظ نہیں ہیں۔
چوہدری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر روز کوئی نہ کوئی بہانہ بناتے ہیں یا پھر طعنے دیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جس کی حکومت ہے، وہی فرض نبھانے کا ذمہ دار ہے۔ رمضان کے مہینے میں اس طرح کے بہانوں اور طعنوں سے بچنا چاہیے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو مسلط کر کے اور دہشت گردوں کو آباد کر کے ہی آج پاکستان میں امن کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔ اگر صوبائی حکومت سی ٹی ڈی کو مضبوط بناتی تو دہشت گردی کی وارداتیں نہ ہوتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے یہ سوچ لیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف نہیں لڑے گی، کیونکہ دہشت گردوں نے پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا عہدیدار پر کبھی حملہ نہیں کیا۔ ان کے نشانے پر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی موروثی سیاست کی طرف بڑھ رہی ہے، شیرافضل مروت
طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گریبان میں جھانک کر یہ سوچیں کہ وہ دہشت گردوں اور ان کے بیانیے کے ہمدرد کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مل کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑیں۔
وزیر مملکت نے آخر میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ پہلے بھی لڑی گئی تھی اور اب بھی ہم ان کو شکست دے کر دکھائیں گے، اور دونوں سطحوں پر حکومتوں کو اپنا فرض نبھانا ہوگا تاکہ ملک میں امن و امان قائم کیا جا سکے۔