پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پشاور میں کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کو پی ایس ایل کے نمائشی میچ کے لیے غیر مناسب قرار دے دیا گیا ہے۔
8 اپریل کو ہونے والا پی ایس ایل نمائشی میچ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں شیڈول تھا، لیکن پی سی بی کی ریکی ٹیم نے اس اسٹیڈیم کی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کیا۔
پی سی بی نے عید کی چھٹیوں سے قبل تمام ضروری سہولتیں دستیاب کرنے کا کہا تھا، تاہم اسٹیڈیم کی حالت توقعات کے مطابق نہیں تھی۔
ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کی دوسری منزل تماشائیوں کے میچ دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہے، اور متعلقہ محکمے نے وقت پر ضروری کام مکمل کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ اس صورتحال نے پی ایس ایل نمائشی میچ کی میزبانی کو مشکل بنا دیا ہے۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نمائشی میچ کی میزبانی کے بارے میں حتمی فیصلہ ایک یا دو دن میں کیا جائے گا۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ نمائشی میچ پشاور سے منتقل کر کے کسی دوسرے شہر میں منتقل کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کا آغاز، 8 اپریل کو نمائشی میچ
یہ صورتحال پشاور میں کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے، اور شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پانی پھیرنے کا سبب بنی ہے۔