ریسکیو ایبٹ آباد نے عید الفطر کے لئے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا

ایبٹ آباد: ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے عید الفطر کے دوران ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی پلان تیار کر لیا ہے۔

اس ضمن میں تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور عید کے ایام میں ریسکیورز ہائی الرٹ رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری طور پر سامنا کیا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جان محمد آفریدی کی زیر صدارت ریسکیو 1122 کا ایک خصوصی اجلاس ایبٹ آباد کے ضلعی آفس میں منعقد ہوا، جس میں ایمرجنسی آفیسر، ٹرانسپورٹ مینٹیننس انسپکٹر، اسٹیشن ہاؤس انچارج، اور کنٹرول روم انچارج نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آیاز خان اور ریجنل ڈائریکٹر آپریشن نارتھ ارشد اقبال کی جانب سے جاری کردہ ایمرجنسی ریسکیو پلان پر بھی گفتگو کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جان محمد نے ہدایات جاری کیں کہ ضلع بھر کے تمام افسران اور سٹیشن ہاؤس انچارج اپنے متعلقہ سٹیشنز پر موجود رہیں گے اور آن کال ڈیوٹی آفیسر کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

عید الفطر کے دنوں میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مختلف مقامات پر اپنی خدمات فراہم کریں گی، خاص طور پر نماز عید کے دوران جو ایبٹ آباد کی عید گاہ میں 7:30 پر ادا کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد پولیس کے ہمراہ اپنی خدمات سرانجام دے گی۔

اس کے علاوہ منڈیاں میزائل چوک، نتھیاگلی جامع مسجد، نواں شہر الیاسی مسجد اور حویلیاں امیر معاویہ مسجد میں بھی ریسکیو 1122 کے جوان ایبٹ آباد پولیس کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں ریسکیو  خیبرپختونخوا: عید الفطر کے دوران ایمرجنسی خدمات کی تیاری

ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کے ترجمان ساجد اقبال نے کہا کہ عید الفطر کے دنوں میں ریسکیو کے اہلکار اپنے گھروں کو چھوڑ کر عوام کی خدمت کے لیے موجود ہوں گے اور اپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ نتھیاگلی اور ایوبیہ میں سیاحتی مقامات پر بھی ریسکیو 1122 کی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top