عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے نے سعودی عرب کے ساتھ آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے تمام دنیا کے مسلمانوں کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اس بار عید سادگی سے منائی جائے گی اور بڑے اجتماعات اور ہجوم سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کو تلقین کی کہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حالات کے پیش نظر اس بار ولی باغ میں ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔
اپنے پیغام میں ایمل ولی خان نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ غرباء، ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرتے ہوئے وسائل کا کچھ حصہ مستحق افراد کے لیے نکالیں۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ عید ہر مظلوم سرزمین کے لیے امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔