ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو سہولت فراہم کرتے ہوئے اردو سمیت 16 مختلف زبانوں میں ایک ڈیجیٹل گائیڈ جاری کر دی ہے۔
اس گائیڈ کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ حج و عمرہ کے دوران درپیش مختلف امور میں آسانی محسوس کریں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق، وزارت کی ویب سائٹ پر رہنما ضوابط صوتی صورت میں بھی دستیاب ہیں جنہیں زائرین اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
اس گائیڈ میں اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں جن میں سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہی، قانونی و انتظامی امور، مالیاتی معاملات (بینکنگ)، اور صحت کے امور شامل ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے گائیڈ میں مختلف موضوعات پر معلومات فراہم کی ہیں، جن میں حج و عمرہ کے اصول و ضوابط، جمرات (منی)، مزدلفہ، یوم النحر (قربانی کے ایام) اور یوم عرفہ کے بارے میں تفصیلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، احرام کی پابندیوں اور دیگر ضروری رہنما اصولوں پر بھی زائرین کو آگاہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں حجاز مقدس کیلئے حج پروازوں کے آغاز کی تاریخ سامنے آگئی
گائیڈ میں فراہم کی جانے والی معلومات مختلف زبانوں میں دستیاب ہیں جیسے اردو، انگریزی، عربی، ترکی، فرانسیسی، فارسی، ازبکی، انڈونیشی اور دیگر زبانیں، تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اس سے استفادہ کر سکیں۔





