پشاور۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاری اعجاز جاں بحق، علاقہ مکینوں کا احتجاج

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تھم نہ سکے۔ تھانہ پشتخرہ کی حدود میں واقع دورہ روڈ اور نوئے کلے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد میں قاری اعجاز موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود شاہد نامی شخص شدید زخمی ہوا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جبکہ زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کر دی گئی ہیں اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی اچینی پایاں کے ایک مسجد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص کو نشانہ بنایا گیا۔ پے در پے ٹارگٹ کلنگ کے ان واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

قاری اعجاز کے جاں بحق ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور سپین جماعت کے قریب یونیورسٹی روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پشاور میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top