ایبٹ آباد :ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں امن و امان کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کا سینہ تان کر مقابلہ کیا اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
ناصر محمود ستی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان امن کونسل برائے انسانی حقوق و بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین سردار عبدالرشید کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر امن کونسل کے چیف آرگنائزر انور داد ستی، سینئر وائس چیئرمین سردار شوکت، سیکرٹری اطلاعات سردار محمد سلیم، جائنٹ سیکرٹری ملک طارق، اور وائس چیئرمین محمد ساجد بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ پاکستان امن کونسل کا بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں کردار خوش آئند ہے، جو ملک کے اداروں کی خدمات اور کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ثابت کیا کہ وہ کسی بھی پروفیشنل فورس سے کم نہیں ہے۔
اس ملاقات میں ضلعی چیئرمین سردار عبدالرشید نے ڈی آئی جی ہزارہ کی موجودگی میں خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور امن کونسل کے مشن کو کامیاب بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کونسل کا مقصد ملک میں سیکورٹی اداروں کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ،امن وامان کی بحالی کیلئے صوبائی ایکشن پلان تیار
ڈی آئی جی ہزارہ نے امن کونسل کے وفد کو فلاح انسانیت کے لیے ان کی خدمات پر مبارکباد دی اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں باشعور اور محب الوطن شہریوں کا امن و امان قائم رکھنے میں اہم کردار ہے اور پولیس ہمیشہ اس مقصد کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہے۔