تاشقند :چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور ازبک صدر کی ملاقات آئی پی یو کی 150 ویں اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آئی پی یو اسمبلی کے کامیاب انعقاد پر ازبک صدر کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ کو تسلیم کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام پر اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت دی جا سکے۔
لاہور اور تاشقند کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کو بھی سراہا گیا، جسے عوامی رابطوں اور کاروبار کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ بزنس فورمز کے قیام پر زور دیا اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی دوستی گروپس کی تشکیل کی ضرورت پر بات کی۔
یہ بھی پڑھیں چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی کے سیکرٹری کو دھمکی ملنے پر گیلانی ہاؤس کی سیکیورٹی سخت
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایسے تبادلے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دیتے ہیں اور تجارتی حجم کو 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ فزیبلٹی اور تعمیراتی مراحل میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے ویزا سہولتوں کے حوالے سے ازبک اقدامات کو سراہا اور ازبکستان کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف اور مساوات کو محض نظریات تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اس پر عملی طور پر بھی کام کرنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔