پشاور (ویب ڈیسک) تھانہ پشتخرہ کی حدود میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں معروف مذہبی رہنما قاری اعجاز شہید ہو گئے جبکہ قاری شاہد شدید زخمی ہو گئے۔
اس واقعہ کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کیپٹل سٹی پولیس سے اس واقعہ کی تفصیلات طلب کی ہیں اور ساتھ ہی قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے قاتلوں کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آئی جی نے سی سی پی او پشاور کو مذہبی رہنماؤں کی سیکیورٹی سخت کرنے کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ اس نوعیت کے واقعات کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں پشاور۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاری اعجاز جاں بحق، علاقہ مکینوں کا احتجاج
آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ مذہبی رہنماؤں، عبادت گاہوں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
اس افسوس ناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔