پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل ہمارے عوام کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے تحفظ اور صوبائی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بل کے خلاف کچھ عناصر جان بوجھ کر جھوٹا اور گمراہ کن پراپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، جو حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر خیبرپختونخوا کے حقوق کا بھرپور دفاع کرے گی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، معدنی وسائل کی ترقی کو یقینی بنانا اور عوامی مفاد کا مؤثر تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کی روح عوامی فلاح اور صوبے کی خوشحالی سے جڑی ہے، اور کسی کو اسے متنازع بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔