گورنر اسٹیٹ بینک 14 اپریل کو ہفتہ مالی خواندگی کا افتتاح کریں گے

کراچی: بینک دولتِ پاکستان کے گورنر جمیل احمد 14 اپریل 2025ء کو کراچی میں منعقد ہونے والی ایک مرکزی تقریب میں پاکستان مالی خواندگی ہفتہ برائے 2025ء کا افتتاح کریں گے۔

یہ ہفتہ 14 سے 18 اپریل تک جاری رہے گا، جس کے دوران ملک بھر میں مالی شعور بیدار کرنے سے متعلق مختلف سرگرمیاں اور مہمات چلائی جائیں گی۔

اس سال مالی خواندگی ہفتے کا موضوع اشتراک اور جدت طرازی کے ذریعے مالی شمولیت رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے مالیاتی نظام کو زیادہ جامع، قابلِ رسائی اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک کے ہمراہ ڈپٹی گورنر، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، اور عالمی بینک، الائنس فار فنانشیل انکلوژن (AFI)، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) جیسے اداروں سے وابستہ اہم بین الاقوامی ماہرین شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے کمرشل بینکوں کے صدور بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ میں ٹیکس بڑھانے کا عندیہ دے دیا

یہ ہفتہ مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے والے اداروں کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ قومی مالی خواندگی پروگرام کے فوکل پرسنز، فن ٹیک سیکٹر، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، پاکستان بینکرز ایسوسی ایشن (PBA)، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین بھی اس پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

مالی خواندگی ہفتہ 2025ء کے دوران اسکولز، کالجز، جامعات اور دیہی و شہری علاقوں میں آگاہی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینارز اور معلوماتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں مالیاتی شعور، بچت، بینکاری، اور ڈیجیٹل مالی خدمات کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔

Scroll to Top