کوہاٹ میں گرنیڈ پھٹنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنیڈ پھٹنے کا واقعہ علاقہ شیخان میں پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والے بچوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ایک بچے کی حالت زیادہ تشویش ناک ہونے کے باعث اسے پشاور منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک کی عمر گیارہ اور دوسرے کی 13 سال بتائی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے بتایا کہ بچے گھر سے باہر کھیل رہے تھے اور کھیلتے ہوئے دستی بم سے پن نکل گئی جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او نے مزید بتایا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔