ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے مہمند ڈیم واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت کابینہ کے 30ویں اجلاس میں مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے واٹر سپلائی سکیم کیلئے انٹیک سٹرکچر اور ٹنل کی تعمیر کی لاگت صوبائی وسائل سے پورا کرنے کی منظوری دی گئی۔
یہ اقدام پشاور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ شہر میں صاف پانی کی فراہمی کو دیرپا بنیادوں پر یقینی بنایا جا سکے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے پشاور کا پانی گدلا ہونے کی اطلاعات تھیں، اب اس اقدام سے شہریوں کو صاف پانی میسر آئیگا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ضلع مہمند کے اُن علاقوں کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے جو پانی کی قلت کا شکار ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف پشاور میں پانی کے مسائل کم ہوں گے بلکہ قریبی پسماندہ علاقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ سکیم صوبے میں پانی کے طویل المدتی انتظام کی جانب ایک اہم قدم ہے، عوامی و سماجی حلقوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ منصوبے پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔