باکو: آذربائیجان نے پہلگام حملے پر پاکستان کے حق میں بیان دیتے ہوئے اس واقعے کی آزاد اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
آذری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر آذربائیجان کو تشویش ہے اور فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کی حکومت چاہتی ہے کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد اور شفاف بین الاقوامی کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سچائی سامنے آ سکے۔ آذری وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام واقعہ: ’را‘ کے سابق سربراہ نے مودی حکومت کو ذمہ دار قرار دے دیا
آذربائیجان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا بھر کے ممالک پاکستان اور بھارت سے تحمل اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔





