بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے پہلگام حملے کے فالس فلیگ ڈرامے کو سکھ برادری نے دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اسے ایک گھناونی سازش قرار دیا ہے۔
سکھ رہنماؤں نے واضح اعلان کیا ہے کہ پہلگام حملہ بھارت کا خودساختہ منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان پر جنگ مسلط کرنا ہے۔
سکھ برادری نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارت کی جنگی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
برادری کے نمائندوں نے کہا، اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ پنجاب کی سرزمین دشمن کے لیے نہیں بلکہ پاک فوج کے لیے لنگر، پانی اور دعائیں حاضر ہیں۔
سکھ رہنماؤں نے پاکستان کو نہ صرف ایک ہمسایہ بلکہ ایک مقدس دھرتی قرار دیا جس کے لیے ان کے دلوں میں عقیدت اور احترام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ اور بی جے پی کا ڈرامہ بے نقاب، الجزیرہ کی چشم کشا رپورٹ سامنے آگئی
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان یا گرو صاحب کی دھرتی پر آنچ بھی آئی تو بھارت کو معاف نہیں کریں گے، انہوں نے مزید کہا پاکستان ہماری وہ دھرتی ہے جس کی ہم پوجا کرتے ہیں، اگر جنگ ہوئی تو ہم بھارتی فوج کو پاکستان سے نہیں گزرنے دیں گے۔
سکھ برادری کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور عوامی غصے سے توجہ ہٹانے کے لیے جنگ کی آڑ میں جھوٹا بیانیہ گھڑ رہا ہے، لیکن وہ اس ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔





