نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور یونان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کرتے ہوئے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کو فون کر کے گزشتہ رات بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے پس منظر میں بدلتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر سے بھی علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔
سعودی وزراء نے پاکستان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔
اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے سعودی عرب کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے علاقائی امن کے لیے یو اے ای کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
شیخ عبداللہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔
یونان کے وزیر خارجہ گیورگوس گیراپیٹریٹس اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدلطی سے بھی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بات چیت ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے جنگ بندی کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے امن کے عزم کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مسلسل کردار کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے ”کنٹرولڈ ردعمل“ سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی،خواجہ آصف
ان رابطوں میں علاقائی سلامتی، سفارتی مشاورت اور مستقبل میں قریبی تعاون پر زور دیا گیا اور تمام دوست ممالک نے پاکستان کے تحمل، ذمہ داری اور امن کے لیے اقدامات کو سراہا جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔





