عمران خان پاکستان کو ایک قوم بنانیوالے واحد لیڈر ہیں، انہیں رہا کیا جانا چاہیے، بیرسٹر سیف

عمران خان پاکستان کو ایک قوم بنانیوالے واحد لیڈر ہیں، انہیں رہا کیا جانا چاہیے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نےکہا ہے کہ دوران جنگ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے منہ پر پٹی باندھی تھی، لیکن سیز فائر کے بعد دونوں ایسے نمودار ہوئے جیسے بھارت کو فتح کر لیا ہو۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نواز شریف پر شدید تنقید کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو مکا اور تھپڑ جنگ کے بعد یاد آئے، اُسے اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے۔ سیف نے مزید کہا کہ سیز فائر کے بعد نواز شریف منظر عام پر آئے ہیں، اور ان کے بیانات خود ان پر الٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوران جنگ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے منہ پر پٹی باندھی تھی، لیکن سیز فائر کے بعد دونوں ایسے نمودار ہوئے جیسے بھارت کو فتح کر لیا ہو۔

بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ پاکستان کے حقیقی لیڈر عمران خان ہیں، جنہوں نے قید میں رہ کر بھی مودی کو للکارا، جبکہ نواز شریف نے آزاد ہو کر بھی بھارت کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف جاتی امرا میں مودی کی تواضع کر سکتے ہیں، لیکن ان میں مودی کا مقابلہ کرنے کی جرات نہیں۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی بغض و عناد کے تحت عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات بنا رہی ہے اور پاکستان کو ایک قوم بنانے والا واحد لیڈر عمران خان ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

Scroll to Top