پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف آج علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ اپنا طبی معائنہ کروانے کے بعد عید الاضحیٰ برطانیہ میں ہی منائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل( ایکسپریس نیوز )نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نواز شریف کا یہ دورہ ذاتی نوعیت کا ہے، جس میں وہ لندن میں اپنے معمول کے میڈیکل چیک اپ کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ عید کے بعد پاکستان واپس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ نواز شریف ماضی میں بھی علاج کی غرض سے لندن جا چکے ہیں، اور وہاں قیام کے دوران ان کے سیاسی مشاورتی اجلاس بھی ہوتے رہے ہیں۔ تاہم، پارٹی ذرائع کے مطابق اس بار ان کا دورہ مکمل طور پر ذاتی اور طبی نوعیت کا ہے۔
(ن) لیگ کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی لندن روانگی کا سیاسی معاملات سے براہ راست کوئی تعلق نہیں۔





