بجٹ منظوری کی مکمل ذمہ داری گنڈاپور پر ڈالنا غلط ہے، فیصلہ مشترکہ تھا، اجمل وزیر

پشاور: سابق صوبائی وزیر اجمل خان وزیر نے خیبرپختونخوا کے بجٹ کی منظوری کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارا بوجھ صرف وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر ڈالنا حقائق سے انحراف ہے۔

پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گنڈاپور بطور وزیراعلیٰ آئینی طور پر ضرور ذمہ دار ہیں، لیکن بجٹ منظور کرنے کا فیصلہ صرف ان کا نہیں تھا۔

اجمل وزیر نے کہا کہ بجٹ منظوری سے قبل عمر ایوب، اسد قیصر اور سیاسی کمیٹی نے خود اعلان کیا تھا کہ بجٹ ہر صورت منظور کیا جائے گا، کیونکہ اگر بجٹ پاس نہ ہوتا تو پورا صوبائی نظام مفلوج ہو جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی خیبرپختونخوا کے بجٹ کی منظوری کو درست قرار دے دیں، تو پھر؟ لہٰذا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، حالات کا جائزہ لیں اور دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔

علیمہ خان کی جانب سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر ’مائنس عمران خان‘ کی سازش کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے اجمل وزیر نے محتاط ردعمل دیا اور کہا کہ یہ بات حتمی نہیں کہی جا سکتی، بس اتنا کہا جا سکتا ہے کہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے ملاقات کریں گے اور تمام معاملات طے ہو جائیں گے۔

عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کا ذکر کیا اور کہا کہ اسرائیل کا اصل مقصد ایران میں رجیم چینج تھا، مگر وہ مکمل طور پر ناکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں وکلاء پر نیا ٹیکس، عدالتی حکم کے باوجود نفاذ توہین عدالت ہے، طارق افغان ایڈووکیٹ

اجمل وزیر نے کہا کہ گزشتہ 12 دنوں میں اسرائیلی شہری بنکرز میں چھپ کر راتیں گزارنے پر مجبور ہوئے، جبکہ ایران نے قطر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں اقوام متحدہ اور عالمی قانون کہاں ہیں؟ اور کہا کہ آج کی دنیا میں طاقت ہی اصل قانون بن چکی ہے۔

Scroll to Top