کے پی حکومت گرانےکے کسی عمل میں شریک نہیں ہونگے، اے این پی کا اعلان

کے پی حکومت گرانےکے کسی عمل میں شریک نہیں ہونگے، اے این پی کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت کو گرانے کی کسی بھی کوشش کا حصہ نہیں بنے گی۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا ہے کہ اے این پی جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی غیرجمہوری عمل یا ہارس ٹریڈنگ میں شامل نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی چینل (جیوز نیوز)کے مطابق انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی مشترکہ حکومت بنانے کی خواہش رکھتی ہیں، لیکن اے این پی ایسی کسی مہم میں شامل نہیں ہوگی کیونکہ یہ جماعت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور غیر جمہوری ہتھکنڈے اس کی روایت کا حصہ نہیں ہیں۔

مرکزی ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ گزشتہ روز پارٹی رہنما ایمل ولی خان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، تاہم اس ملاقات میں خیبر پختونخوا حکومت کے خاتمے یا تبدیلی حکومت سے متعلق کوئی بات زیر بحث نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی اصولوں پر مبنی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور صوبے میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

Scroll to Top