گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عیادت کی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر نے ہسپتال میں زیر علاج اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے و جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کا بلند حوصلہ اور غیر متزلزل عزم قابل فخر ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Scroll to Top