عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ان کی جماعت صوبے میں گنڈاپور حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں کیونکہ وہ جمہوری تسلسل اور آئینی طریقہ کار کی حمایت کرتی ہے۔
پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کا مینڈیٹ جس کے پاس بھی ہو اسے اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کا حق حاصل ہے، اے این پی کسی غیر آئینی مداخلت یا تبدیلی کی حامی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ جمہوری نظام کے استحکام اور آئینی عمل کی پاسداری کی داعی رہی ہے اور غیرجمہوری طریقے سے حکومتوں کی تبدیلی کی شدید مخالفت کرتی ہے۔
میاں افتخار حسین نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ جمہوری اداروں کی خودمختاری اور عوامی مینڈیٹ پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں اور ان کا مقصد جمہوری عمل کو متاثر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا وقت قریب ہے، عدم اعتماد جمہوری حق ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی
میاں افتخار حسین نے مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اے این پی نہ ماضی میں کسی غیر جمہوری عمل کی حامی رہی نہ آئندہ ہو گی، ہماری وفاداری صرف اور صرف جمہوریت اور آئین کے ساتھ ہے۔





