صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور قربانی، صبر اور حق گوئی کا ایک درخشاں باب ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو حق و باطل کے درمیان تمیز اور استقامت کا درس دیتا رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ کربلا میں قربانی اور وفا کی جو مثال قائم ہوئی وہ تاریخِ انسانیت میں ایک روشن چراغ کی حیثیت رکھتی ہے، حضرت امام حسینؓ کی عظیم الشان شہادت باطل کے خلاف ابدی جدوجہد کی علامت ہے اور ان کا مشن صداقت، عدل اور اللہ کی رضا پر مبنی تھا۔
انہوں نے کہا کہ کربلا صرف ایک میدان جنگ نہیں بلکہ ضمیر اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا، نواسۂ رسولؐ نے ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا جو درس دیا وہ ہر دور کے مسلمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر آصف زرداری نے زور دیا کہ آج ہمیں بطور قوم حسینی کردار اپنانے کی اشد ضرورت ہے، ہمیں اپنے نظام کو ایمانداری، عدل اور فلاحِ عامہ کی بنیاد پر استوار کرنا ہوگا تاکہ ہم امام حسینؓ کے پیغامِ حریت و عدل کا مظہر بن سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے، وزیراعظم شہباز شریف
صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھائی چارے، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور محبت کا گہوارہ بنائے۔





