محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، خیبرپختونخوا میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، خیبرپختونخوا میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے موسلادھار بارشوں کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خاص طور پر بالائی خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے جو کہ علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث قریبی علاقوں میں اچانک طغیانی جیسے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جو برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا سبب بن رہا ہے، جس سے پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا دوسرا مرحلہ زور و شور سے جاری ہے، اور آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ اس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ لاحق ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمزور اور کچی عمارات کے قریب نہ جائیں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور درختوں سے دور رہیں، اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ساتھ ہی این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو موثر بنائیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل تیار رکھیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی، اور بجلی کی بندش جیسے مسائل بھی پیش آ سکتے ہیں۔

Scroll to Top