بھارت نے بالآخر آپریشن سندور کے دوران ہونے والی فوجی ہلاکتوں کا اعتراف کر لیا ہےجو کئی ماہ تک سرکاری سطح پر مسلسل انکار اور خاموشی کی نذر رہیں۔
بھارتی حکومت نے اب 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور پائلٹس کو مختلف عسکری اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ان ہلاکتوں کی غیر اعلانیہ تصدیق بھی ہو گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اعزازات کی فہرست میں چار لڑاکا ہوا باز اور روسی دفاعی نظام کے پانچ ماہر آپریٹرز بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صرف لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کو 250 سے زائد فوجیوں کی ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ہلاک ہونے والوں میں انڈین ایئر فورس کے 7 اہلکار، 10 انفنٹری بریگیڈ کے جی ٹاپ سیکٹر میں تعینات 5 فوجی، اور ہیڈکوارٹر 93 انفنٹری بریگیڈ کے 9 اہلکار شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کو اندرونی سطح پر شدید دباؤ، تنقید اور عوامی بے چینی کا سامنا تھا جس کے بعد یہ اعتراف ممکن ہوا۔
طویل عرصے تک افواج اور حکومت نے ان ہلاکتوں کو چھپانے کی کوشش کی لیکن بالآخر سچ کو دبایا نہ جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی حکومت نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ، اُدھم پور اور دیگر حساس علاقوں میں پاکستانی افواج کی مؤثر کارروائیوں کے بعد بھارت کو پسپائی اور جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ بھارتی فوج کے ہلاک اہلکاروں کے اہل خانہ پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کی تصاویر یا معلومات شیئر نہ کریں۔





