خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانی پہچانی رہنما اور شہید رہنما ہارون بشیر بلور کی اہلیہ، ثمر ہارون بلور نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے اے این پی کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
ثمر بلور کا تعلق معروف سیاسی گھرانے بلور خاندان سے ہے، جو دہائیوں سے خیبرپختونخوا کی سیاست میں متحرک کردار ادا کرتا آیا ہے۔ وہ نہ صرف اے این پی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات رہ چکی ہیں بلکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن بھی رہی ہیں۔
یاست میں ان کی سرگرم شرکت اور عوامی رابطے انہیں اے این پی کی متحرک خواتین رہنماؤں میں نمایاں بناتے تھے۔
ثمر بلور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گی، جس کے بعد باقاعدہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ قومی سیاست میں مثبت کردار ادا کرنے کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔
ان کی شمولیت کو مسلم لیگ (ن) کے لیے خاص طور پر خیبرپختونخوا میں ایک اہم سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جہاں جماعت اپنی تنظیم نو اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ ثمربلور کے شوہر، شہید رہنما ہارون بشیر بلور جولائی 2018 میں ایک خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ اس سانحے کے بعد ثمربلور نے ان کا سیاسی مشن نہ صرف جاری رکھا بلکہ بھرپور عوامی حمایت بھی حاصل کی۔
ان کے حالیہ فیصلے سے نہ صرف اے این پی کی صفوں میں خلل متوقع ہے، بلکہ خیبرپختونخوا میں سیاسی صف بندیاں بھی نئی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔