سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی بجائے ڈنکی ٹریڈنگ ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ کے پی

کے پی حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ہے، علی امین

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کا قافلہ، اظہارِ یکجہتی احتجاج نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے عوامی نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدام کسی احتجاج کا حصہ نہیں بلکہ غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کے خلاف ایک پُرامن ردعمل ہے۔

اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد کسی قسم کا انتشار یا تصادم نہیں بلکہ جمہوری اصولوں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قافلہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا حکومت جمہوری نمائندوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرتی ہے جو آئین و قانون کے منافی ہو۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف پارلیمنٹیرینز لاہور جا رہے ہیں اور ان کی گرفتاری ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے نمائندوں سے مکمل رابطہ ہے اور تمام فیصلے آئینی دائرے میں رہ کر کیے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ یہ سفر نہ تو کسی اشتعال انگیزی کا حصہ ہے اور نہ ہی کسی تصادم کا پیش خیمہ، بلکہ مکمل طور پر ایک آئینی اور جمہوری عمل ہے جس کا مقصد حق اور سچ کی حمایت ہے۔

Scroll to Top