وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے افغانستان کے سفیر احمد شکیب نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے زراعت، صحت اور فلاحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے افغانستان میں کینسر اسپتال کے قیام میں معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت افغان عوام کی فلاح و بہبود میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان گہرے نسلی، قبائلی، لسانی اور مذہبی رشتے موجود ہیں، جنہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی طاقتوں کے مذموم عزائم کے خلاف دونوں ممالک کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک پرامن، محفوظ اور مستحکم خطے کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے افغانستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے خصوصی وفد بھیجنے کی تجویز بھی دی، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
افغان سفیر احمد شکیب نے افغان مہاجرین کی میزبانی اور فلاح کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔